اسلام آباد (صباح نیوز) ترجمان مسلم لیگ(ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لیگی رہنمائوں کے خلاف نیب تحقیقات سے کچھ نہیں نکل رہا ہے اور آہستہ آہستہ سب تماشے ختم ہورہے ہیں، لیگی ترجمان نے نیب چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بی آر ٹی کی انکوائری شروع کرائیں۔ شاہد خاقان عباسی کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب شاہد خاقان عباسی کے خلاف کچھ ثابت نہیں کرسکا، مفتاح اسماعیل اور عمران الحق پر وعدہ معاف گواہ بننے
کے لیے دبائوڈالا گیا۔ نیب کچھ ثابت نہیں کر پا رہا اس لیے ملزموں کو جوڈیشل کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر الزام عاید کیا کہ بنی گالا سے نیب کو حکم آتا ہے اور گرفتاری ہوجاتی ہے، مگر یاد رکھیں کہ تبدیلی حکومت جھوٹ بول کر کچھ ثابت نہیں کرسکتی کیونکہ نیب کا کال اپ نوٹس ایک مذاق بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی شہباز شریف نے نہیں کی بلکہ پشاور میٹرو بس میں ہوئی ہے، جب کرپشن نہیں ملتی تو آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔