فاروق ایچ نائیک کوآج جیل میں زرداری سے ملاقات کی اجازت مل گئی

104

اسلام آباد( آن لائن) فاروق ایچ نائیک کو پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے کل اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت مل گئی جبکہ جعلی اکائونٹس کیس میں فلاحی پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس میں ملزمان پر فرد جرم عاید نہ ہو سکی۔اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈارکی اہلیہ کی درخواست پر دلائل مکمل، احتساب عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی کہ ہفتے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرنی ہے وکالت نامے پر دستخط کرانے ہیں۔عدالت نے (آج) جمعرات کو ملاقات کی اجازت دے دی، فاروق ایچ نائیک (آج) 3 بجے اڈیالہ جیل میں سابق صدر سے ملاقات کریں گے۔ عدالت نے آصفہ زرداری کی جیل میں آصف زرداری کو سہولیات فراہم نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست 4اکتوبر تک ملتوی کر د ی ،عدالت نے فریال تالپور کو جیل میں سہولیات سے متعلق درخواست پر سماعت بھی 4 اکتوبر تک ملتوی کر د ی۔علاوہ ازیں جعلی اکائونٹس کیس میں فلاحی پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا ریفرنس میں ملزمان پر فرد جرم عاید نہ ہو سکی۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔9ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ ریفرنس میں سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی حسین سید، متانت علی، یونس قدوائی، سمیع الدین، سید خالد ظفر ہاشمی، سید جمیل احمد، عبد الرشید، عبدالغنی شامل ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ضمنی ریفرنس دائر کرنا ہے جس میں مزید شریک ملزمان کا نام شامل کیا جائے گا۔ عدالت نے 17 اکتوبر کو فرد جرم عاید کرنے کی تاریخ مقرر کر دی۔عدالت نے ریفرنس کے شریک ملزم سمیع الدین صدیقی کے وکیل کی جانب سے طبی بنیادوں پر ملزم کو 3ماہ کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کر لی۔ مزید برآںاثاثہ جات ریفرنس میں عدالت نے اسحاق ڈار کی اہلیہ کی درخواست پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا، عدالت نے کیس کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی ۔ احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کے دور ان وکیل صفائی کی جانب سے پچھلا ریکارڈ منگوانے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ۔ شریک ملزمان منصور رضا رضوی اور نعیم محمود عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اہلیہ تبسم اسحاق کی درخواست پر دلائل جاری رہے ۔لاہور گلبرگ ہاؤس نمبر 7 ایچ کی ملکیت سے متعلق تبسم اسحاق ڈار کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔