رینٹل پاور کیس،راجا پرویز اشرف کے شریک ملزم نے پلی بارگین کرلی

170

اسلام آباد (اے پی پی) کار کے رینٹل پاور ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے شریک ملزم انور بروہی نے نیب سے پلی بارگین کر لی اور85 لاکھ 55 ہزار روپے واپس کر دیے۔ چیئرمین نیب نے پلی بارگین کی درخواست منظور کر لی اور احتساب عدالت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کو آصف زرداری سے جیل میں پیر کے علاوہ کسی اور روز ملاقات کرانے کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ جج نے ریمارکس دیے کہ ملاقات کے لیے جو دن مقرر ہے اسی روز ملاقات کریں‘ زیادہ مسئلہ ہے تو جائیں اوپر سے اجازت لے لیں۔ آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی مصروفیات کے باعث ان کی پیر کے علاوہ کسی اور روز جیل میں آصف زرداری سے ملاقات کرنے کی اجازت کے لیے متفرق درخواست دائر کی گئی تھی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے درخواست کی سماعت کی۔ علاوہ ازیںاحتساب عدالت نے پی آئی اے میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں سابق وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب عباسی، سابق سیکرٹری ایوی ایشن عرفان الٰہی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عاید کرنے کے لیے یکم اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سرکاری ائر لائن میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت کی۔ ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ مہتاب عباسی پر مشرف رسول کو پی آئی اے کا غیر قانونی سی ای او تعینات کرنے کا بھی الزام ہے۔ دریں اثنا احتساب عدالت نے کروڑوں روپے کی کرپشن کرنے کے لیے اختیارات کے غلط استعمال پر گرفتار سیکرٹری یونین کونسل روات جاوید اختر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 4دن کی توسیع کر تے ہوئے ملزم کو دوبارہ نیب کے حوالے کر دیا ہے۔