کوئٹہ: تخریب کاری کا منصوبہ ناکام، بائی پاس پر نصب بم ناکارہ بنادیاگیا

137

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر بم ناکارہ بنا دیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تخریب کار فورسز کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ پولیس کے مطابق تھانہ منظور شہید کی حدود میں واقع مشرقی بائی پاس کے علاقے شیر جان اسٹاپ پر مشکوک تھیلے کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا ، بی ڈی ایس کے عملے نے موقع پرپہنچ کر مشکوک تھیلے کی تلاشی لی تو اس میں بم برآمد ہوا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ تخریب کاروں نے آدھا کلو بارودی مواد موبائل ڈیوائس سے منسلک کرکے اسے سڑک کنارے نصب کیا تھا ، تخریب کار فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم بروقت کارروائی سے یہ منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ، فورسز نے بم تحویل میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔