امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ایل او سی کراس کرنے والوں کو دشمن قرار دینے کے بیان سے امریکا اور مودی خوش ہوئے، اس بیان سے کشمیریوں کو پیغام ملا کہ آپ کو مرنا ہے، ہم نہیں آئیں گے، ہم اس بیان کو مسترد کرتے ہیں۔
سرگودھا میں جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ ’کشمیر بچاؤ مارچ‘ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نےکہا کہ وزیراعظم صاحب نے جلسے میں اعلان کیا ایل او سی کراس کرنے والا پاکستان کا غدار ہو گا، میں پوچھنا چاہتا ہوں اگر انڈیا نے آزاد کشمیر پر حملہ کیا تو پھر کاروائی کریں گے؟
انہوں نے کہا کہ ایک کشمیر ہے جن کے ہاتھوں میں ابھی بھی زنجیریں ہیں، 72 سالوں میں کتنے ممالک آزاد ہو گئے مگر اقوام متحدہ سے پوچھنا چاہتا ہوں سوڈان آزاد ہو گیا، کشمیری آج بھی مر رہے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ سری نگر میں آج ساتواں جمعہ تھا جو کہ ادا نہ کیا جا سکا، لاکھوں بچوں کو یتیم بنا دیا گیا، کشمیری اپنے گھروں کے اندر قبریں کھود کر اپنے بزرگوں کو دفنانے پر مجبور ہیں، کشمیریوں پر قیامت برپا ہے اور ہمارے حکمران صرف بیانات دے رہے ہیں، اب بیانات کا وقت گزر گیا، حکومت کو آگے بڑھ کر ایکشن لینا ہوگا۔