اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ اپنے سیاسی کزن کی تقلید کریں اور سیاست کو خیر باد کہہ دیں یہ آپ کے بس کا کام نہیں ہے، ،یا تو یہ حکومت اول درجے کی نالائق ہے یا پھر یہ کشمیر پر سودا کر کے بیٹھی ہے، طورخم میں بیٹھ کر وزیر اعظم نے یہ بیان دیا کہ میں کسی کو این آر او نہیں دوں گا، آپ کو یہی تقریر آتی ہے ، اقوام متحدہ میں جاکر بھی کہیں یہ بات نہ کر دینا کہ میں این آر او نہیں دوں گا۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہا وس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کسی ایک ملک کا دورہ کیوں نہیں کیا ، کیا وزیراعظم کا ای سی ایل پر نام تھا یا ان کو کسی نے دورے سے منع کر رکھا تھا؟۔ احسن اقبال نے کہا کہ کل خورشید شاہ کو گرفتار کیا گیا عین اس وقت جب قومی کانفرنس منعقد ہو رہی تھی ،اس سے پہلے مشترکہ اجلاس میں متفقہ قراردادمنظور کرائی گئی تو حکومت نے 24 گھنٹوں میں مریم نواز کو گرفتار کر کے قومی یکجہتی کوپارا پارا کر دیا ۔