میئر کراچی کی دبئی میں پرویز مشرف اور عشرت العباد سے ملاقاتیں

109

دبئی (صباح نیوز) میئرکراچی وسیم اختر نے دبئی میں سابق صدر پرویز مشرف اور سابق گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقاتیں کی ہیں جس کے دوران کراچی کی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔ وسیم اختر نے کراچی سمیت پورے صوبے کے حالات اور صورتحال سے پرویز مشرف کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو تباہ کردیا گیا ہے، کراچی کو کوئی اپنی ذمے داری سمجھنے والا نہیں، شہر کو لاوارث کر دیا گیا ہے۔پرویز مشرف نے کہا کہ میرے دور میں جو محکمے بلدیہ کے پاس تھے وہ واپس کیے جائیں، میں نے اپنے دور میں جو اختیارات اور فنڈز میئر کو دیے ویسے ہی حکومتوں کو دینا ہوں گے۔ دوسری جانب ڈاکٹر عشرت العباد سےملاقات کے دوران وسیم اختر نے کہا کہ بلدیاتی اختیارات کی فراہمی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، مستقل بنیادوں پر حل تلاش کرنا ہوں گے ، سیاسی تلخی، الزامات اور گریبان چاک کرنے کی سیاست ختم کرنا ہوگی۔عشرت العباد خان نے مسائل کے حل کے لیے میئر کراچی کو اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی اور حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کراچی کے منصوبوں کی جلد تکمیل اور فنڈز کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرے، شہر کے اسٹیک ہولڈر بھی اپنا کردار ادا کریں۔عشرت العباد نے وسیم اختر کو بھی مشورہ دیاکہ صوبائی حکومت اور وفاق کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بڑھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ناصر حسین شاہ سے بھی رابطہ کرکے ساتھ بیٹھنے اور کام کرنے کے لیے بات کریں گے۔
میئر کراچی