نوابشاہ (سٹی رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ریلوے حکام کی غیر قانونی نیلامی کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے شاپنگ سینٹر میں روزگار کرنے والے افراد کو بے روزگار ہونے سے بچائیں، ریلوے شاپنگ یونین نوابشاہ کے دکانداروں نے ریلوے حکام کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوابشاہ ریلوے اسٹیشن سے متصل دکانوں کی غیرقانونی نیلامی کو فوری روکا جائے اور برسوں سے دکانوں میں روزگار کرنے والے دکانداروں کوبے روزگار ہونے سے بچایا جائے۔ مظاہرین نے کہا کہ دکانوں کی نیلامی کیخلاف سندھ ہائی کورٹ حیدرآباد میں مقدمہ زیر سماعت ہے، اس کے باوجود ریلوے حکام غیرقانونی دکانوں کی نیلامی کررہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ریلوے حکام روزگار دینے کے بجائے بے روزگار کررہے ہیں، ریلوے حکام کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ریلوے دکانوں کی اہمیت کم ہورہی ہے، دکانداروں کو وعد ے کے مطابق بجلی، نکاسی آب، صفائی، باتھ روم کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ دکانداروں نے چیف جسٹس عدالت عظمیٰ، وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں کا روزگا ر چھیننے سے بچایا جائے اور غیرقانونی نیلامی کو فوری طور پر روکا جائے۔