نوجوان جان ہتھیلی پر رکھ کر مودی کے حملے کا انتظار کر رہے ہیں ، شیخ رشید

329

 

مظفر آباد (آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوجوان جان ہتھیلی پر رکھ کر مودی کے حملے کا انتظار کر رہے ہیں‘ مسئلہ کشمیر پر خاموش رہنے والا یزیدی قوتوں کے ساتھ ہوگا‘ بھارت کے سپر پاور بننے میں پاکستان رکاوٹ ہے‘ ملکی معیشت کمزور ہوسکتی ہے دفاع نہیں‘ اپوزیشن کشمیر کے معاملے پر ساتھ دے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی عقل جواب دے گئی ہے‘ پاکستان معاشی مسائل میں گھرا ہوا ہے تاہم مو دی یہ جا ن لے کہ پاکستان کی معیشت کمزور ہوسکتی ہے مگر دفاع نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جوان جان ہتھیلی پر رکھ کر بھارت کے حملے
کا انتظار کر رہے ہیں‘ کشمیر کے مسئلے پر جو خاموش ہوگا وہ یزیدی قوتوں کے ساتھ ہوگا‘ اپوزیشن سے بھی کہتا ہوں کشمیر کے مسئلے پر ایک ہوجائے۔شیخ رشید احمدنے اپوزیشن کے لیے کہا کہ یہ سیاست کرتے رہیں گے‘ پیسے وصول کریں گے تو نیب آپ کو ڈیل کرے گا‘ وزیر اعظم عمران خان27 تاریخ کو دنیا کو واضح پیغام دیں گے‘ مودی نے آسام کے لاکھوں شہریوں کو دوسرے درجے کا شہری بنا دیا ہے‘ مودی نے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ کیا ہے‘ مودی کابھارت کے سپر پاور بننے کا خواب نیست و نابود ہوجائے گا‘ بھارت نے تاریخ میں 2 غلطیاں کی ہیں‘ ایک ایٹمی دھماکااور دوسرا لاقانونیت۔