ملک کو مسائل سے نکالنے کیلیے نئے انتخابات ناگزیر ہیں‘ احسن اقبال

134

لاہور (نمائندہ جسارت/ خبرایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیر، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان اقتصادی محاذ پر ہچکولے کھا رہا ہے‘ ہم ملک میں سیاسی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں‘ ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے نئے انتخابات کرائے جائیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں ملک زبردست ترقی کر رہا تھا‘ سابق حکومت نے قرضے لے کرڈیم، موٹروے اور بجلی کے منصوبے بنائے‘ پی ٹی آئی کی حکومت آنے کے بعد ایک سال کے اندر ملک معاشی تنزلی کا شکار ہوا ہے‘ موجودہ حکومت نے قرضے ہڑپ کرلیے‘ ایک اینٹ نہیں لگائی۔ ملک سے سرمایہ کار بھاگ رہے ہیں‘ احتساب کی آڑ میں لوگوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہے۔ احسن اقبال نے سابق چیف جسٹس پر تنقید کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ایک صاحب ہوتے تھے جنہوں نے اربوں روپے کی اپنی تشہیری مہم ڈیم کے نام پر چلائی اور کہا کہ میں ریٹائر ہو کر ڈیم کی جگہ پر چارپائی ڈال کر ڈیم بنائوں گا‘ اگر کسی شخص کو پتا ہو وہ کہاں ہیں؟ کیا کر رہے ہیں؟ کتنا ڈیم بنا چکے ہیں؟ تو میری معلومات میں ضرور اضافہ فرمائیں۔ دریں انثا (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مخالفین کو بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے اور حکومتی قوت کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے پر عمران خان کا نام سیاہ حروف میں لکھا جائے گا۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا جیل میں گھر کا کھانا بند کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انڈر ٹرائل ملزم کو جیل مینوئل حق دیتا ہے کہ اسے گھر کا کھانا فراہم کیا جا سکتا ہے لیکن حکومت وقت نے بدترین سیاسی انتقام کی مثال قائم کردی ہے‘ عمران خان نے ثابت کر دیا کہ چھوٹے آدمی کو بڑی کرسی پر مسلط کر دیا گیا ہے۔