نیب خورشید شاہ کے اثاثہ جات کی تفصیلات حاصل کرنے میں ناکام

181

 

کراچی (رپورٹ۔ خالد مخدومی) نیب کراچی سندھ کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزسے خورشید شاہ اور ان کے خاندان کے اثات جات کی تفصیلات حاصل نہیں کرسکا، جبکہ الیکشن کمیشن نے خورشید شاہ کے انتخابی فارم میں ظاہر شدہ اثاثوں کی تفصیلات نیب کراچی کو فراہم کردیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو نے سندھ کے 27 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ان کی حدود میںواقع پیپلزپارٹی کے رہنما رکن قومی اسمبلی اور سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید اور ان کے اہلخانہ کے نام سے موجود اثاثہ جات کی تفصیلات جمع کرنے اور نیب کو فراہم کرنے کے لیے ایک خط تحریر کیا تھا تاہم گزشتہ ماہ لکھے گئے اس خط کے جواب میں کسی بھی ڈپٹی کمشنر کی جانب سے خورشید شاہ یا ان کے اہلخانہ کی جائداد یا اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ نیب کو اب تک صرف 7 ڈپٹی
کمشنرزکے جواب موصول ہوئے جن میں ان اضلاع کی حدود میں خورشید شاہ کی کسی جائداد کا سراغ نہ ملنے کا بتایا گیاہے۔باخبر ذرائع کے مطابق نیب کے تفتیشی افسران کو مذکورہ ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے عدم تعاون اور تاخیری حربوں کی وجہ سے تحقیقات میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ نیب نے اب اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ اور پشاور کے کمشنرز کو بھی خورشید شاہ کے اثاثوں کے حوالے سے خطوط بھیج دیے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق نیب کے افسران کی تفتیش اب صرف ان معلومات کے گرد گھوم رہی ہے جو الیکشن کمیشن نے فراہم کیں تھیں۔ واضح رہے کہ نیب کی جانب سے الیکشن کمیشن کو بھی ایک خط تحریر کیا تھاجس میں خورشید شاہ کی جانب سے انتخابی فارم میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کی تفصیلات کا سرکاری ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی،الیکشن کمیشن نے نیب کے خط کے جواب میں خورشید شاہ کے ظاہر شدہ اثاثہ جات کی تفصیلات نیب کو فراہم کیں۔
خورشید شاہ