ائر وائس مارشل عامر مسعود پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئرنائب صدر منتخب

177

اسلام آباد(جسارت نیوز) پاکستان اسکواش فیڈریشن کے 46 ویں سالانہ جنرل کونسل اجلاس میں ائر وائس مارشل عامر مسعود کو متفقہ طور پر پاکستان اسکواش فیڈریشن کا سینئر نائب صدر منتخب کر لیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، جو پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں، نے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر اسکواش کے عظیم کھلاڑی قمر زمان ، صوبائی سکواش ایسوسی ایشن کے نمائندے اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے ممبران بھی موجود تھے۔ اجلاس کے دوران فیڈریشن کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا اورا سکواش کے کھیل سے متعلق تمام پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ جنرل کونسل کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے اسکواش کے فروغ کیلئے پاک فضائیہ کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ پاکستان میں بین الاقوامی اسکواش کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے صوبائی اسکواش ایسوسی ایشنز پر زور دیا کہ وہ اسکواش کے کھیل کے فروغ کیلئے مربوط کوشش کریں۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ کھیل پر توجہ دیں اور اپنی جسمانی اور ذہنی مضبوطی کو مزید بہتر بنائیں۔ پاک فضائیہ کی جانب سے مالی اور انتظامی تعاون کی یقین دہانی کے ساتھ ساتھ انہوں نے ممبر ایسوسی ایشنز پر زور دیا کہ وہ اسکواش کی بہتری کیلئے مزید وسائل پیدا کریں۔ انہوں نے ممبر ایسوسی ایشنز کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی اور صوبائی لیگز کے ذریعہ نچلی سطح پرا سکواش کو فروغ دینے کے علاوہ اسکول اورکالج کی سطح پر بھی نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے اسکواش کو متعارف کروائیں۔ انہوں نے صوبائی ایسوسی ایشنز اور ڈیپارٹمنٹس پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی مقابلوں کیلئے کھلاڑیوں کی مالی اعانت کے ساتھ ساتھ جونیئر اور سینئر کھلاڑیوں کیلئے قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی کریں۔ ایئر چیف نے ملک میں اسکواش کے فروغ کیلئے سبکدوش ہونے والے سینئر نائب صدر ایئر مارشل شاہد اختر علوی کی مخلصانہ کاوشوں کا بھی اعتراف کیا اور امید ظاہر کی کہ ایئر وائس مارشل عامر مسعود بھی اسی جذبے کے ساتھ پاکستان اسکواش کے بہترین مفاد میں کام جاری رکھیں گے۔ جنرل کونسل میٹنگ میں 2018ء میں صوبائی ایسوسی ایشنز کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ کے پی کے اسکواش ایسوسی ایشن کو رنر اپ ٹرافی دی گی۔