زرداری سے جو سلوک ہو رہا ہے وہ ابھی نندن اور کل بھوشن کیساتھ بھی نہیں ہوا، سعید غنی

155

اسلام آباد( آن لائن )سندھ کے وزیر اطلاعات و لیبر سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ سب کچھ طے شدہ منصوبے کے تحت کیا جا رہا ہے،سابق صدر و ایم این اے آصف علی زرداری کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے وہ احسان اللہ احسان، ابھی نندن اور کلبھوشن کے ساتھ بھی نہیں کیا گیا،اگر پیپلز پارٹی کے رہنما کے کیسز کو سندھ سے پنجاب یا اسلام آباد منتقل کیا جا سکتا ہے تو پی ٹی آئی کے رہنمائوں کے مقدمات کو سندھ منتقل کیوں نہیں کیا جاسکتا،آصف علی زرداری کو عدالتی حکم کے باوجود سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں اور ڈاکٹروں کے بورڈ کی ہدایت کے باوجود اسپتال منتقل نہیں کیا جا رہا،پیپلز پارٹی کو اس لیے دبائو میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ اپنا موقف تبدیل کریں لیکن ذوالفقار علی بھٹو نے پھانسی کو قبول کیا لیکن موقف تبدیل نہیں کیا، آصف علی زرداری نے 11سال جیل کاٹی، ظلم برداشت کیا اور ان کا بھی موقف تبدیل نہیں ہو گا ،اس سلوک کا سندھ میں کوئی ٹھیک پیغام نہیں جا رہا، اپوزیشن کے لیے احتساب کا معیار اور ہے اور حکومتی رہنمائوں کے لیے معیار اور ہے، پیپلز پارٹی نے میڈیا،عدلیہ کی آزادی اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کی بات کی ہے اور نالائق حکومت کے خلاف آواز اٹھائی ہے ،یہ ہمارا جرم ہے جس کی وجہ سے دبائو میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی کے خلاف ہمیشہ کرپشن کارڈ استعمال ہوتا رہا ہے،سندھ میں کچھ سیاسی یتیم ہیں جن کو ہر 6ماہ بعد ٹیکا لگایا جاتا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت جانے والی ہے، عدلیہ سے گزارش ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ رویہ آئین اور قانون کے مطابق رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔