کوئٹہ فورسذ کا آپریشن خاتون سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ،اہلکار شہید 5 زخمی

687
کوئٹہ : سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں مارے جانے والے مبینہ دہشت گرد کی لاش منتقل کی جارہی ہے
کوئٹہ : سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں مارے جانے والے مبینہ دہشت گرد کی لاش منتقل کی جارہی ہے

کو ئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز نے5 گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن میں کالعدم عالمی دہشت گرد تنظیم کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 5 زخمی ہوئے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق بدھ کی صبح فجر کی نماز سے قبل حساس ادارے اور پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی ) نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کوئٹہ کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس پر لیبر کالونی کے قریب ایک آپریشن کیا۔ دہشت گردوں کی ایک مکان میں موجودگی کی اطلاع تھی جس پر مکان کو گھیرے میں لیا گیا ۔ فورسز نے مکان میں داخل ہونے کی کوشش کی تو مکان میں موجود دہشت گردوں نے اہلکاروں پر دستی بم پھینکے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ دستی بم حملے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے ۔اس کے بعد پہلے ایک دہشت گر د اور پھر دوسرے دہشت گرد نے اپنے جسم سے بندھی خودکش جیکٹ کے ذریعے خود کو دھماکے سے اڑایا ۔ باقی دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔ عبدالرزاق چیمہ نے بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے بکتر بند گاڑی کا ڈرائیور شہید اور مجموعی طور پر5 اہلکار زخمی ہوگئے۔ڈی آئی جی پولیس کے مطابق دہشت گرد وں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ 5 گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد آپریشن مکمل کیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مکان کو کلیئر قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے ۔ ڈی آئی جی پولیس نے آپریشن کو انٹیلی جنس ادارے، سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہلاک دہشت گرد محرم الحرام کے دوران یا پھر شہر میں مزید تباہی پھیلانے کے لیے کارروائی کرنا چاہتے تھے۔ دہشتگردوں کے اہداف سے متعلق مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں میں سے ایک کی شناخت ابراہیم بڑیچ کے نام سے ہوئی جو خودکش حملوں اور ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث تھے۔ سیکورٹی آفیسر نے بتایا کہ آپریشن میں ہلاک ہونے والوں کا تعلق کالعدم عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے تھا جن میں سے ایک کی شناخت داعش کے مقامی کمانڈر ابراہیم بڑیچ کے نام سے ہوئی ۔باقی دہشت گردوں میں ابراہیم بڑیچ کا بھتیجا حمایت بڑیچ اورقریبی رشتے دار سمیع اللہ بڑیچ شامل ہیں ۔ ہلاک ہونے والی خاتون آمنہ ابراہیم بڑیچ کی بہن بتائی جاتی ہے۔ پانچویں دہشت گرد کی شناخت عامر شیخ حسینی کے نام سے ہوئی جبکہ ایک دہشت گرد کی شناخت نہیں ہوسکی۔ سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ خودکش حملہ آور کو محرم الحرام میں دہشت گردی کے لیے کوئٹہ پہنچایا گیا تھا ۔