خبریں آ رہی ہیں کہ ڈیل ہو رہی ہے،جاوید ہاشمی

169

ملتان (خبر ایجنسیاں) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سینئیر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ خبریں آرہی ہیں کہ ڈیل ہو رہی ہے لیکن قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا واضح مؤقف ہے کہ وہ این آر او نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ این آر او دینے کی عمران خان کے پاس کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ ہم وزیراعظم عمران خان کے پاس نہیں جائیں گے اور یہ بات طے ہے۔جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ ظلم ہورہا ہے، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر کب سے تحقیقات ہورہی ہیں لیکن ان پر تاحال چارج نہیں لگا سکے۔ دو روز قبل بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ملک میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شروع کیے تھے جو نئی حکومت کے آتے ہی رْک گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور سازش کے پیچھے جس کا ہاتھ ہے وہ سب جانتے ہیں لیکن اس طرح ملک کا نقصان کیا جارہا ہے۔عوام پر زبردستی مسلط کی گئی یہ حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی اور ایک بار پھر مسلم لیگ ن واپس آئے گی اور نواز شریف ملک کے وزیر اعظم بنیں گے۔
جاوید ہاشمی