ایسی ٹیم بناؤں گا جو جارحانہ طرز پر کھیلے، مصباح الحق

408

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے نو منتخب کوچ و چیف سیلکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

پی سی بی کے سی ای او وسیم خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جس طرح میں نے کرکٹ کھیلی اسی طرح نئی ذمہ داریوں کو بھی نبھاؤں گا، اور قومی ٹیم کی بہتری کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں خرچ کر دوں گا۔ کرکٹ میں پیشہ وارانہ مہارت لانے کی ضرورت ہے نہ صرف قومی ٹیم میں بلکہ ڈومیسٹک لیول پر بھی اس کا نفاذ کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں وسیم خان نے کہا کہ مصباح الحق کا اس سے قبل کوچنگ کا کوئی تجربہ نہیں ہے، انہیں وقت دینے کی ضرورت ہے۔ ریجنل ٹیم کے چیف سیلکٹرز ٹیم سیلکشن میں مصباح الحق کی مدد کریں گے، اس سے قبل رائج سیلکشن کا نظام ختم کر دیا گیا ہے۔

https://www.facebook.com/PakistanCricketBoard/videos/703071986874427/

مصباح الحق نے کہا کہ میری کوشش ہو گی کہ ایسی ٹیم بنائی جائے جو جارحانہ طرز کی کرکٹ کھیلیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ مشکل وقت آنے پر دفاعی کرکٹ کھیلنی بھی جانتے ہوں۔

کپتانی کے سوال پر وسیم خان نے کہا کہ قومی ٹیم کے کوچ مصباح الحق اور چیئرمین پی سی بی کے ساتھ مشاورت کے بعد ٹیم کے کپتان کا بھی جلد اعلان کر دیا جائے گا۔

مصباح الحق نے کہا کہ  اس بات پر میں یقین رکھتا ہوں کہ فائنل الیون سیلکٹ کرنے کا اختیار کپتان کے پاس ہونا چاہئے۔