کشمیر سیل کا پہلا اجلاس ،عالمی برادری خاموش رہی تو صورتحال مزید گھمبیر ہوجائے گی،شاہ محمود قریشی

243

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزارتِ خارجہ میں قائم “کشمیر سیل” کا پہلا اجلاس منگل کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم ،سول و عسکری حکام ،سیکرٹری خارجہ سمیت وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور پاکستان کی اب تک کی جانے والی سفارتی کاوشوں اور کشمیر کونسل کے اجلاس میں سامنے آنے والی تجاویز، چیئرمین سینیٹ کمیٹی برائے امور خارجہ اور معزز ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے موصول ہونے والی مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو دنیا بھر میں مختلف فورمز پر اجاگر کرنے کے لیے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی گئی۔ علاوہ ازیں وزارت خارجہ میں پاکستان کی خارجہ پالیسی کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہپاکستان تنہائی سے نکل آیا ہے،خارجہ پالیسی ، اندرونی و بیرونی معاملات کو مدنظر رکھ کر تشکیل دی گئی ہے،خطے میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں ،مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، بھارت نے غیر قانونی اقدامات سے مسئلہ کشمیر کا محاصرہ کر رکھا ہے،عالمی برادری کی خاموشی سے صورت حال مزید گھمبیر ہو سکتی ہے،کسی بھی جارحیت کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔بعد ازاں وزیرخارجہ نے ترکی ، ایران اور بنگلادیش کے ہم منصب سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ بھارتی اقدامات سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا۔