حکمرانوں نے عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال دیں، مریم اورنگزیب

200

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل اور نالائق حکمرانوں کی غفلت نے پنجاب کے عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے پر ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی بدترین نالائقی اور غفلت سے پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 683 ہوگئی ہے لیکن اس کے تدارک اور بچائوکیلیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ پنجاب حکومت اتنی نالائق ہے کہ شہباز شریف کے ڈینگی کا قلع قمع کرنے والے نظام پر عمل تک نہ کرسکی۔ پنجاب کے عوام شہباز شریف کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے ہنگامی بنیادوں پر ڈینگی کا قلع قمع کیا۔ ڈینگی کے تدارک اور بچاؤ کے لیے شہباز شریف کے قائم کردہ نظام پر عمل ہوتا تو آج یہ نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں ڈینگی پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کیے گئے تو دوسرے صوبے بھی اس نالائقی سے متاثر ہوں گے۔ لیگی ترجمان نے کہا کہ بغض اور حسد میں شہباز شریف کے تمام منصوبے ختم کر دیے گئے۔ نالائق حکمران ڈینگی پر قابو پانے میں بھی شہباز شریف دور کے معیار پر پورا نہ اتر سکے۔