اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے رینٹل پاور کیس میں راجہ پرویز اشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے مقدمے میں ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ کو آئند سماعت پر طلب کر لیا۔ پیر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اﷲ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے وزارت داخلہ کی جانب سے جواب جمع نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ وزارت داخلہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کیلیے ملک سے باہر چلے جائیں تو آپ کو کیا اعتراض ہے۔ نیب نے عدالت کو بتایا کہ احتساب عدالت لاہور سے راجا پرویز اشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔ راجا پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد میںجو ریفرنس چل رہے ہیں ان میں ان کی پیشی سے استثنا ہے، ڈیوٹی جج نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ چیف جسٹس اطہر من اﷲ نے کہا کہ راجا پرویز اشرف کو متعلقہ عدالت سے استثنا لینا پڑے گا۔ نیب نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ رینٹل پاور پروجیکٹ میں راجا پرویز اشرف کا نام ای سی ایل پر ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ وزارت داخلہ نے نوٹس کے باوجود جواب جمع نہیں کرایا، یہ رویہ قابل قبول نہیں، جس جس مقدمے میں ملزم ای سی ایل پر ہے اسے پتا تو چلنا چاہئے۔ مقدمے کی مزید سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔