ریلوے میں انقلاب نہیں لا سکے‘ شیخ رشید کا اعتراف

235

لاہور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ریلوے میں انقلاب نہیں لا سکے کیونکہ یہاں بہت سیاست ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سی ای او ریلوے آفتاب اکبر کی ریٹائرمنٹ پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ درجنوں نئی ٹرینیں چلائیں اور مزیدبھی چلائیں گے،مال گاڑیوں کی تعداد بڑھائیں گے اور ریلوے کے ذریعے ملکی برآمدات میں اضافہ کریں گے۔ ایم ایل ون منصوبہ عمران خان کی قیادت میں مکمل ہو گا، ۔شیخ رشید نے کہا
کہ کراچی میں بارشوں سے سگنل سسٹم خراب ہوا جس سے مسائل پیدا ہوئے۔ ریلوے میں کوئی کرپشن ہوئی تو وہ خود اس کے ذمے دار ہوں گے کیونکہ وزیر کے بغیر کرپشن ممکن ہی نہیں ہے۔کشمیر کی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ کشمیر کی جنگ الیکٹرونک میڈیا نے لڑی ہے، مسئلہ کشمیر پر سب کو ایک پلیٹ فارم پر کھڑا ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ لال حویلی کے باہر کشمیر ریلی میں کرنٹ لگنے کے بعد توانائی میں اضافہ ہوا ہے۔ملکی سیاسی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چور لٹیروں سے اگر آئی ایم ایف اور ریکوڈیک کے برابر ریکوری ہوتی ہے تو ان سے جان چھڑا لینی چاہیے لیکن وزیراعظم عمران خان کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔