حکومت نے معیشت کو جام کر دیا مڈٹرم الیکشن ناگزیر ہے‘ احسن اقبال

405

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں مڈٹرم الیکشن اس لیے ضرورت بن گیا ہے کہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کو تقریباً جام کر دیا ہے‘ 8.8 فیصد کا خسارہ پاکستان کی معیشت میں گزشتہ 40 سال میں کبھی نہیں ہوا تھا ‘ اسی طرح پاکستان کی کسی حکومت نے ایک سال کے اندر تقریباً 10ہزار ارب روپے قرض نہیں لیا تھا‘ اسی طرح کسی حکومت میں معاشی شرح نمو 5.8فیصد سے کم ہو کر ڈھائی فیصد نہیں ہوئی‘ حکومت ملک کو جس بند گلی میں لے آئی ہے‘ اس سے نکلنے کے2 ہی راستے ہیں ‘ ایک غیر آئینی ہے اور ایک آئینی ہے‘ یا مارشل لا لگ سکتا ہے یا ایک نیا انتخاب ہو کر ہم اس صورتحال سے نکل سکتے ہیں‘ ہم جمہوری لوگ ہیں اور آئینی طریقہ پر یقین رکھتے ہیں‘ ایک ایسا شخص جس کی اپنی پارٹی کا کوئی سیکرٹری جنرل نہیں ہے اور وہ ایک ٹانگے کی پارٹی ہے وہ ہمارے اوپر کمنٹ کرتا ہے‘ پی ایم ا یل (ن) واحد اور ایک پارٹی ہے اور پی ایم ایل (ن)کا ایک ہی دھڑا ہے جس کے ساتھ (ن) لگا ہے اور جس کے ساتھ (ن) نہیں ہو گا وہ زیرو ہے۔ ان خیالات کا اظہار احسن اقبال نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔