سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف سکھر کے رہنما مبین احمد جتوئی نے کہا ہے کہ 10 منٹ کی برسات میں سکھر کی انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھل گیا۔ پرانا سکھر سمیت متعدد علاقوں میں برسات کا پانی کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر شہر میں صفائی نہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ پر گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ میئر سکھر اور پیپلز پارٹی کے نمائندگان اپنوں کو نوازنے کی پالیسی کے تحت اپنا پیٹ بھرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر تو اپنی جگہ پر مگر سالانہ کروڑوں روپے ٹیکس دینے والا سکھر انڈسٹریل ایریا بھی برسات کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے جس کے باعث تاجروں کا کاروبار سخت متاثر ہورہا ہے۔ میئر سکھر ارسلان شیخ اور پی پی کے منتخب نمائندگاں کی جانب سے سکھر کو پیرس بنانے کے وعدے صاف ظاہر ہورہے ہیں۔ شہر کا کوئی راستہ ثابت نہیں، نہ ہی نکاسی کا نظام درست ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے برسات پیشگوئی کے باوجود سکھر انتظامیہ نے شہر کی طرف مڑ کر نہیں دیکھا، جس وجہ سے کچھ دیر کی برسات نے کارکردگی کے پول کھول دیے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر انتظامیہ کی لاپروائی کے باعث شہری عذاب میں مبتلا ہیں، حکام بالا نوٹس لیں۔