عمران خان اور جنرل باجوہ کی قیادت میں ہی مسئلہ کشمیر حل ہوگا،شیخ رشید

143

راولپنڈی(آن لائن+اے پی پی)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان اور جنرل باجوہ کی قیادت میں ہی مسئلہ کشمیر حل ہوگا‘ ہم جنگ کے خواہش مند نہیں لیکن اگر مسلط ہوئی تو بھارت کو نیست و نابود کر دیں گے، سلامتی کونسل سے نہ مطمئن ہوں اور نہ مایوس ہوں، ’’انڈین ایجنٹس‘‘ سن لیں جذبات کی بات نہیں اپنی قوم کے جذبات کو ساری دنیا کو بتانا چاہتا ہوں، فاشسٹ مودی دنیاکو گمراہ کرنے کے لیے مسلسل غیر ملکی دورے کر رہا ہے ، آصف زرداری کو جیل سے اسپتال منتقل کرنا حکومت کا اچھا قدمہے۔جمعرات کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ کا خواہش مند نہیں لیکن اگر جنگ مسلط ہوئی تو خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے اور بھارت کو نیست و نابود کر دیں گے ، قوم کے جذبات میں ٹرمپ سے متعلق غلط باتیں پھیلائی جا رہی ہیں، وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے لیے جس طرح جدوجہد کر رہا ہے وہ تاریخ کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں سلامتی کونسل سے مطمئن نہیں ہوں لیکن مایوس بھی نہیں ہوں ، کشمیر کا مسئلہ ایک بار پھر زندہ ہو گیاہے ،جنرل باجوہ اور عمران خان کی قیادت میں مسئلہ کشمیر حل ہو گا ۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ 10 محرم کے بعد کشمیر کے تمام بارڈرز پر جاؤں گا جن انڈین ایجنٹس کو تکلیف ہے وہ سن لیں میں جذبات کی بات نہیں بلکہ اپنی قوم کے جذبات ساری دنیا کو بتانا چاہتا ہوں،ہمارے پاس کوئی آپشن نہیں ،مسئلہ کشمیر ہر قیمت پر حل ہونا ہے ، عمران خان کے خلاف ایک گروپ پروپیگنڈا کر رہا ہے، قوم فوج اور کشمیریوں کے ساتھ ہے،جو کشمیریوں کے ساتھ دھوکا کرے گا وہ مودی کا یار ہو گا ،غدار وطن ہو گا ، ہم ( آج ) جمعہ کو لال حویلی میں دن 11 بجے سے لے کر شام 5 بجے تک احتجاج کریں گے، ملک میں چلنے والی 138 ٹرینیں دن 12 بجے اپنے اپنے اسٹیشنز پر ایک منٹ کے لیے ہارن بجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نومبر دسمبر میں پاک بھارت کے درمیان جنگ سے متعلق دعویٰ ذاتی تجزیہ ہے، میں نے سمجھوتا اور تھر ایکسپریس بند کر کے اپنی ذمے داری پوری کر دی ، کسی ’’سالے ‘‘میں جرات ہے تو چلا کر دکھائے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کو جیل سے اسپتال منتقل کرنا اچھی بات ہے، ہمارے سیاسی اختلافات ضرور ہیں لیکن ذاتی دشمنی نہیں ، وزیر خارجہ اور وزیر اعظم کی قیادت میں خارجہ پالیسی زبردست چل رہی ہے، مودی غیر ملکی دورے کر کے دنیا کو گمراہ کر رہا ہے ، وزیراعظم کا27 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں خطاب تاریخی ہو گا، کشمیر کی آزادی کی جنگ شروع ہو گئی ہے، کشمیر کو آزاد کرا کے ہی دم لیں گے ۔ صحافیوں کی جانب سے شہر میں پھیلتے ڈینگی مرض سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ،ہفتے میں ایک بار ان اسپتالوں کو خود دیکھوں گا ، اسکول ، کالج اور اسپتال کا خود معائنہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان کا بنیادی ایجنڈا صحت و تعلیم کو بہتر کرنا ہے، اگلے 3ماہ ڈینگی مرض کے لیے زیادہ خطرناک ہیں ۔
شیخ رشید