شاہد خاقان عباسی کا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

190

راولپنڈی(آن لائن)ایل این جی ٹرمینل کیس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مزید 14روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایل این جی ٹرمینل ریفرنس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما اورسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرنیب ٹیم نے احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج شارخ ارجمند کے سامنے پیش کیا۔نیب پراسیکیوٹر
کی جانب سے تفتیش کے لئے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی،ڈیوٹی جج کے استفسار پر نیب کے وکیل نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کے جسمانی ریمانڈ کو44روزمکمل ہوگئے ہیں۔اس موقع پر سابق وزیراعظم نے ایک بار پھر جسمانی ریمانڈ کی مخالفت سے انکار کرتے کہا کہ میں تو پہلے ہی عدالت سے کہہ چکا ہوں کہ 90روز کا ریمانڈ دے دیں،میں نے کوئی جرم ہی نہیں کیا، ان کو ریمانڈ لینے دیں۔بعد ازاں عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو مزید چودہ روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔عدالت میں پیشی کے موقع پر ملاقات کی اجازت ملنے پرلیگی رہنماؤں خواجہ آصف ، خرم دستگیر، احسن اقبال ،ملک ابرار ، انجم عقیل اور سردار مہتاب نے شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی ٹرمینل کے ٹھیکے میں اختیارات کا غلط استعمال کیے۔
شاہد خاقان ریمانڈ