اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف عالمی رائے بدل رہی ہے، فضائی حدود کی بندش سے متعلق ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ بھارت یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر پولیس میں زیادہ تعداد مسلمانوں کی ہے، مقبوضہ کشمیر پولیس سے اسلحہ واپس لے لیا گیا، شملہ معاہدے کے تحت پاکستان بھارت کو مسئلہ کشمیر حل کرنا تھا، مقبوضہ کشمیر میں طرح طرح کی پابندیاں لگا دی گئیں، مقبوضہ کشمیر میں خوراک اور ادویات کی قلت ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ مودی عالمی برادری کو 5 اگست کے یکطرفہ اقدام کا جواب دیں، باکسر عامرخان گزشتہ روز پورا کشمیر پھرے، لوگوں سے ملے، کیا عامر خان کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت ہوگی؟ کیا بھارت باکسر عامر خان کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرا سکتا ہے؟ ۔مقبوضہ کشمیر میں ہر گھر کے سامنے ایک بھارتی فوجی کھڑا ہے، خطے کی صورتحال بھارت خراب کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب اور نیویارک میں اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں وہ عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیرپیش کریں گے۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھاکہ پاکستان کے سعودی عرب کیساتھ بہترین تعلقات ہیں،جنگ سے متعلق بیان کا جواب شیخ صاحب خود ہی دیں گے، عالمی برادری نے بھارتی اقدامات کومسترد کیا،ان کی مقبوضہ کشمیرسے متعلق رائے تبدیل ہورہی ہے۔شاہ محمودقریشی نے مزید کہاکہ بھارتی عدالت عظمیٰ مودی حکومت کے دباؤمیں ہے،ا س وقت مذاکرات کاسوال ہی پیدانہیں ہوتا،وزیراعظم نے کہا تھا آپ ایک قدم بڑھائیں،ہم دوبڑھائیں گے،بھارت نے ایک سال سے گھونگھٹ اوڑھ رکھا تھا، مودی کے اقدام کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، بھارت یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کررہاہے۔