کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، شیریں مزاری کا اقوام متحدہ نمائندوں کو خط

172

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کے بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رپورٹ کرنے والے 18 خصوصی نمائندوں، اسپیشل پروسیجرز مینڈیٹ ہولڈرز (اسپیشل رپورٹرز) کو تفصیلی خط ارسال کیا ہے۔ خط میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں خطے کی حیثیت کی تبدیلی کا فیصلہ واپس لینے سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے پر مجبور کیا جائے۔ خط میں وفاقی وزیر نے اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹرز کی توجہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف دلوائی جس میں بھارتی حکومت کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے جبری طور پر روکنے سمیت صنفی بنیادوں پر تشدد کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا، مواصلات کا مکمل شٹ ڈاؤن، کرفیو کا نفاذ، گرفتاریاں اور سیاسی رہنماؤں کی نظر بندیاں، مذہبی پابندیاں اور بچوں اور خواتین کی عصمت دری اور تشدد کے واقعات شامل ہیں۔