اساتذہ کے جبری تبادلے تعلیم تباہ کرنے کی سازش ہے، خمیسو زرداری

143

شہدادپور (نمائندہ جسارت) پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن تعلقہ شہداد پور اور استاد اتحاد شہداد پور کی جانب سے شہداد پور کے اساتذہ کے جبری تبادلوں کیخلاف مین سندھی پرائمری اسکول سے پریس کلب شہداد پور تک احتجاجی ریلی نکال کر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاھرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پ ٹ الف شہداد پور کے صدر خمیسو زرداری، بدرالدین ڈاھری، ہدایت اللہ خلجی، محمد اعظم، میر غلام نبی تالپور، رائو محمد یوسف، پیر اکرام رضا، رسول بخش ڈیٹھو، محسن شاہ، ڈیٹا کلیکٹر انتظار علی راجپوت اور مرتضیٰ ڈیتھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ تعلیم کے افسران نے تعلیم دشمن پالیسی اختیار کر کے اساتذہ کے جبری تبادلے کر کے تعلیم تباہ کرنے کی سازش کی ہے جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ شہر میں ڈیوٹی سر انجام دینے والے اساتذہ کے دور دراز علاقوں میں تبادلے کرنے سے اساتذہ پریشان اور شہر کے اسکول بند ہو جائیں گے جبکہ دیہی علاقوں کے اسکولوں کو بھی ایسے ہی متاثر کیا گیا ہے۔ شہدادپور کے 101 اساتذہ کے تبادلے جبکہ 21 اساتذہ کی تنخواہیں بند کر کے اساتذہ کو بلیک میل کیا جارہا ہے جو زیادتی ہے۔ ہم حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اساتذہ کے جبری تبادلے منسوخ کیے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔