نا اہل حکومت کیخلاف جلد تحریک شروع کرینگے،احسن اقبال

425

اسلام آباد/کوئٹہ(آن لائن)مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجود ہ حکمرانوںنے ملکی معاملات کو بحرانوں کی طرف دھکیل دیا کشمیر کے مسئلے سمیت دیگر مسائل کوحل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے ، محرم الحرام کے بعدکوئٹہ کا دورہ کرینگے اور تمام سیاسی جماعتوں سے ملکر موجودہ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائینگے، بلوچستان کی پسماندگی ختم کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا جارہا مسلم لیگ(ن)کے مرکزی قائدین جلد بلوچستان کا دورہ کر کے سیاسی جماعتوں اور صوبے کے عوام سے ملکر موجودہ حکمرانوں کے خلاف جدوجہد کا آغاز کرینگے ان خیالات کااظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن)کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔ احسن اقبال نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں اپنی سیاست کو چمکانے کے لیے مسلم لیگ (ن)کے ترقیاتی منصوبوں کو اپنے کھاتوں میں ڈال کر خوشیاں منارہی ہیں ۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم بتائیں کہ مہنگائی ،معیشت کی تباہی اور تاریخی قرضے لینے ،حکومتی اخراجات میں اضافے،گیس بجلی کے بلوں،ادویات کی قیمتوں میں کرپشن کیخلاف کہاں کھڑے ہونا ہے۔مہنگائی سے تنگ لوگوں کو بتادیں کس وقت اور کہاں کھڑے ہونا ہے۔