باکسر عامر خان ایل او سی پہنچ گئے، کشمیروں کی آواز بننے کا اعلان

216
چکوٹھی: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کنٹرول لائن کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
چکوٹھی: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کنٹرول لائن کے دورے پر میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

 

اسلام آباد/مظفرآباد(آئی این پی)پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پہنچ گئے ۔عامر خان نے چکوٹھی سیکٹر میں ایل او سی کی اگلی چیک پوسٹوں کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کی۔ کشمیری عوام سے گفتگو میں انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔عالمی شہرت یافتہ برطانوی باکسر کا کہنا تھا کہ میں یہاں صرف کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے اور عالمی سطح پر ان کی آواز بننے کیلیے آیا ہوں، مجھے احساس ہے کہ ایل او سی کی دوسری جانب کیا ہو رہا ہے۔پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کا کہنا تھا کہ
واپس جا کر دنیا بھر کو بتائوں گا کہ کشمیر کی کیا صورتحال ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فینز سے بھی کہوں گا کہ اپنی حکومت پر مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے زور ڈالیں، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونا چاہیے۔ایل او سی پر روانگی سے قبل ایک پیغام میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں بیٹھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو صرف ٹیلی ویژن پر دیکھا ہے۔ مقبوضہ وادی کو دیکھ کر محسوس کیا کہ کشمیریوں پر شدید نوعیت کے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں لہذا اس مظلوم قوم سے اظہار یکجہتی کے لیے خود ایل او سی پر جائوں گا۔عالمی لائٹ ویٹ چیمپئن باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، بچے اسکول نہیں جا سکتے ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔یہ وقت کی ضرورت ہے کہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم کے خلاف آگے بڑھ کر آواز اٹھائوں۔عامر خان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر جانے کا مقصد بھارت کے غاصبانہ اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا میں اجاگر کرنا ہے۔ایک ٹوئٹر پیغام میں عامر خان نے ایل او سی جانے کا موقع فراہم کرنے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
باکسر عامر خان