لاڑکانہ ،تبادلوں اور اضافی ڈیوٹی لینے کیخلاف اساتذہ کا احتجاج

142

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں آل سندھ پرائمری ٹیچر ایسوسی ایشن سٹی کی جانب سے مرکزی مشاورتی کمیٹی کی کال پر سندھ کے 4500 میل و فیمیل اساتذہ کے تبادلوں اور اضافی ڈیوٹی لینے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر اساتذہ رہنماؤں محمد اسلم دیدڑ، ارشاد علی تونیو، طالب مغل، اشفاق احمد دھامراہ، سجاد بھٹو، علی مراد ابڑو اور عبدالمجید سانگی و دیگر کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے بلاوجہ 4500 میل و فیمیل کو دور دراز علاقوں میں ٹرانسفر کیا گیا جس سے تعلیمی نظام پر برے اثرات پڑ رہے ہیں جبکہ بلاجواز ایک گھنٹے اساتذہ سے ڈیوٹی لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس عمل کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ یونیورسٹی ٹیسٹ پاس سندھ کے ساڑھے 6 ہزار اساتذہ کو بھی تاحال مستقل نہیں کیا جا رہا جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اساتذہ کے تبادلے روک کر اضافی ڈیوٹی لینے کا فیصلہ واپس لے کر سندھ یونیورسٹی کے ٹیسٹ پاس اساتذہ کو مستقل کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔