آصف زرداری کو فوری اسپتال منتقل کیا جائے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

127

اسلام آباد (صباح نیوز) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے جیل میں سابق صدر آصف زرداری کی خراب صحت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں نے آصف زرداری کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی ہے، انہیں علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آصف زرداری کو علاج معالجے کی بہتر سہولت فراہم کی جائیں۔ آصف زرداری کے ٹیسٹ کرائے جائیں اور حکومت ڈاکٹروں کی سفارشات پر عمل درآمد کرے۔ ہر قیدی کا حق ہے کہ اسے طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور آصف زرداری کو انتقام کا مزید نشانہ بنانے سے باز رہے۔ آصف زرداری کی جمہوریت کیلیے ناقابل فراموش خدمات ہیں۔ حکومت کے اوچھے ہتھکنڈے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ جیل میں طبی سہولیات کی فراہمی سابق صدر کا قانونی اور بنیادی حق ہے۔