پاکپتن،اوکاڑہ اورساہیوال میں صحت انصاف کارڈ اسکیم کا افتتاح

136

لاہور(نمائندہ جسارت ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے پاکپتن،اوکاڑہ اورساہیوال کے لیے صحت انصاف کارڈ اسکیم کا افتتاح کردیا۔وزیراعلیٰ نے ساہیوال ڈویژن کے لیے80کروڑ روپے کے 7 بڑے منصوبوںاورپولیس شکایتی سیل، کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنسنگلیب،پکار15کنٹرول روم کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ساہیوال کی اپ گریڈ یشن سمیت 1ارب19کروڑ روپے کے 3 میگاپروجیکٹس کا بھی اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے سرکٹ ہاؤس ساہیوال پہنچنے پر چیچہ وطنی کی ماڈل کیٹل مارکیٹ،قائداعظم کرکٹ اسٹیڈیم ساہیوال کی تعمیر نو اورفلڈ لائٹس کی تنصیب،کمیر میں گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج،میونسپل کمیٹی آفس،آر ایچ سی میں ضروری سہولتوں کی فراہمی اوررینالہ خورد میں 60بیڈ کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ نے سرکٹ ہاؤس میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا ۔بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے 3 اضلاع کے لیے صحت انصاف کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے سفید پوش عزت و احترام سے نجی اسپتالوں میں مفت علاج کراسکیں گے، مریض کو آمد و رفت کے لیے کرایہ بھی دیا جائے گا،بل حکومت ادا کرے گی۔ کارڈ کے ذریعے 8امراض کا مفت علاج ہوگا،ماں اور بچے کو بھی علاج کی خصوصی سہولت حاصل ہوگی۔ 24اضلاع میں 67لاکھ خاندان صحت انصاف کارڈ سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ساہیوال کی 25فیصد، اوکاڑہ کی 29فیصد اور پاکپتن کی 27فیصد آبادی کو صحت انصاف کارڈ دیے جا رہے ہیں۔ ساہیوال میں 20لاکھ سے زاید افراد کو صحت انصاف کارڈ دیا جا رہا ہے۔ سرکاری ملازمین ،علما، مشائخ، خطیب اور مدارس کے طلبہ کو ہیلتھ کارڈ دیں گے۔
انصاف کارڈ