الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی ماورائے آئین اقدام ہے، سراج الحق

176

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے حکومت کی طرف سے اپوزیشن کے اتفاق کے بغیر الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کے حوالے سے کہا ہے کہ حکومت نے ماورائے آئین اقدام کیا ہے، حکومت کو ون ویلنگ کی پالیسی ترک کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کے حوالے سے اتفاق نہ ہونے کی صورت میں اگر آئین خاموش ہے تو اس کا فائدہ حکومت کس طرح لے سکتی ہے۔حکومت کی ذمے داری تھی کہ اس سقم کو دور کرنے کے لیے قانون سازی کرتی لیکن حکومت نے اپنی ذمے داری پوری کرنے کے بجائے ماورائے آئین و قانون قدم اٹھایا ہے جس کی کسی صورت حمایت نہیں کی جاسکتی۔سراج الحق نے کہا کہ ارکان سے حلف نہ لے کر چیف الیکشن کمشنر نے احسن اقدام کیا ہے اور آئین کا تحفظ کرکے اچھی روایت قائم کی ہے۔ اداروں کے سربراہوں کو حکومتوں کی منشا کو سامنے رکھنے کے بجائے آئین وقانون کی پاسداری کرنی چاہیے۔ سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ حکومت کو فوری طور پر آئینی ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کرنی چاہیے۔