قبائلی اضلاع کی ترقی کے لیے گورنر ہاؤس پشاور میں جرگہ

139

پشاور(آن لائن)گورنر ہاؤس پشاور میںجمعرات کے روز جرگہ پاکستان کے زیر اہتمام‘‘گرینڈ جرگہ’’تقریب کاانعقاد کیا گیا۔تقریب میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان اور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہرمحمودنے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ جرگہ پاکستان کے شرکانے انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں امن و امان روزگار، صحت، تعلیم، آبنوشی، بجلی سمیت دیگر شعبوں کی بہتری سے متعلق مہمانان خصوصی کو اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔ تقریب میں قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے نوجوان و اکابرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جرگہ پاکستان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہاکہ قبائلی اضلاع میں ترقیاتی اقدامات سمیت دیگر شعبوں میں شفافیت کیلیے جرگہ پاکستان کے اراکین پر مشتمل 10 رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔کمیٹی تمام شعبوں میں شفافیت کیلیے اپنی سفارشات/تجاویز وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو ارسال کرے گی۔ گورنرشاہ فرمان نے کہاکہ ہمیں دشمن کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دینا ہے، ہم متحد ہوں گے تو ترقی و خوشحالی کا سفر طے کر سکیں گے۔