اسلام آباد (جسارت نیوز) قومی کراٹے چیمپئن شپ کل سے لاہور میں شروع ہوگی۔ پاکستان واپڈ ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ گذشتہ روز پاکستان کراٹے فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل عندلیب سندھو نے سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ چیمپئن شپ کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے نو مرد اور خواتین کھلاڑیوں کی ٹیمیں حصہ لیں گے۔ چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا، پاکستان آرمی، پاکستان ریلویز، پاکستان پولیس، بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں چار کیٹیگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں انفرادی کومتے، ٹیم کومتے، انفرادی کاتا اور ٹیم کاتا شامل ہیں۔ خواتین کے ایونٹس میں انفرادی کمیتے 45, 50, 55, 61, 68, پلس68 کلو گرام انفرادی کاتا، ٹیم کاتا۔ مردوں کے ایونٹس میں انفرادی کمیتے 50, 55, 60, 67, 75, 84, پلس 84 کلو گرام، انفرادی کاتا اور ٹیم کاتا شامل ہیں۔ چیمپئن شپ 25 اگست تک جاری رہے گی جس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔