جشن آزادی ہاکی ٹورنامنٹ شکارپور نے جیت لیا

138

شکارپور ( محمد ابراہیم بروہی ) جشن آزادی ہاکی میچ بھٹائی ہاکی کلب شکارپور کے کیئر ہاکی کلب سکھر کو دو کے مقابلے تین گول سے شکست دیدی، تفصیلات کے مطابق شکارپور میں جشن آزادی کی حوالے سے اسپورٹس فیسٹیول جاری ہے ،ڈی او اسپورٹس اور نائب صدر سندھ ہاکی ایسوسی ایشن اعجاز احمد نے کہا کہ ہر مرتبہ اپنی مدد آپ کے تحت اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کرارہا ہوںاوراس سال حاجی فتح محمد گرلز ہائی اسکول میں ہاکی میچ منعقد کروایا ہے۔ ہاکی میچ بھٹائی ہاکی کلب شکارپور اور کیئر ہاکی کلب سکھر کے درمیان کھیلا گیا، بھٹائی ہاکی کلب شکارپورنے کیئر ہاکی کلب سکھر کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دیدی۔ واضح رہے کہ کئی سالوں سے شکارپور میں کوئی بھی اسپورٹس فیسٹول نہیں ہوا ، جبکہ شکارپور میں 25 سے زائد اسپورٹس ایسوسی ایشن موجود ہیں اور 50 سے زائد مختلف کھیلوں کے کھلاڑیوں کی ٹیمیں موجود ہیں۔اعجاز احمد نے کہاکہ اسپورٹس ایونٹ نہ ہونے کی وجہ سے شکارپور کا ٹیلنٹ ضائع ہورہا ہے اور شکارپور میں قومی سطح پر اسپورٹس فیسٹول کرانیکی ضرورت ہے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی ون علی رضا انصاری نے کہا کہ اس مرتبہ ڈسٹرکٹ انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی چیئرمین عقیل عباس اور کھیلوں کے صوبائی وزیر سے ملاقات کر کے ایونٹ کرائیں گے۔ انہوںنے مزید کہا کہ سکھر پوسٹنگ کے دوران بھی میں نے کوشش کر کے صوبائی اور قومی سطح پر پروگرامز ترتیب دیے تھے اور اب ا ن شاء اللہ شکارپور میں بھی صوبائی اور قومی سطح پر پروگرام ہوا کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ایڈووکیٹ عقیل عباس سومرو نے کہا کہ شکارپور میں محرم الحرام کے بعد اسپورٹس فیسٹیول منعقد کیا جائیگا۔ شکارپور کے نوجوانوں میں کافی ٹیلنٹ ہے اور آج پتہ چلا شکارپور میں ہاکی کا بھی ٹیلنٹ موجود ہے جو کہ ہمارا قومی کھیل ہے مجھے اپنے نوجوانوں پر فخر ہے جو قومی کھیل کو بہترین انداز میں کھیل رہے ہیں، میونسپل کمیٹی کے انتظامات کے لیے ایک ماہ کا عرصہ ہوا ہے،میں نے ایک ماہ کے دوران شہر کے گلی اور راستوں پر توجہ دیا تاکہ انہیں خوبصورت کروںاور اب شکارپور کی یوتھ اور اسپورٹس کے لئے بہت کچھ کرونگا، محرم الحرام کے بعد اسپورٹس ایسوسی ایشن سے ملاقاتیں کرکے تاریخی اسپورٹس ایونٹ کرواؤنگا۔ میچ میں سکھر کے حارث سومرو نے دو گول کیے جبکہ شکارپور کے ریاض کھوسو ، امداد جتوئی اور طفیل سنجرانی نے ایک ایک گول اسکور کیا۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ارشاد علی چانڈیو، بابائے اسپورٹس اسپورٹس سائین فقیر حسین ہکڑو، استاد عبدالوہاب کاغذی، عبدالفتاح مہر، فہد شہزاد اور دیگر نے خطاب کیا۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی ایڈووکیٹ عقیل عباس سومرو، انفارمیشن ارشاد علی چانڈیو، بابائے اسپورٹس اسپورٹس سائین فقیر حسین ہکڑو، استاد عبدالوہاب کاغذی نے کھلاڑیوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔