بنگلا دیشی کرکٹر مشرفی مرتضیٰ نے بورڈ سے 2 ماہ کا وقت مانگ لیا

130

ڈھاکا (جسارت نیوز) بنگلا دیشی آل رائونڈر مشرفی مرتضیٰ نے بورڈ سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کے مستقبل کے بارے فیصلہ کرنے کیلئے 2 ماہ کا وقت مانگ لیا۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن نے 2 روز قبل کہا تھا کہ مشرفی کو چاہیے کہ وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے ہمیں کلیئر کریں تاکہ ہم ان کے الوداعی میچ کے بارے کوئی پلان کر سکیں۔ مشرفی گزشتہ سال دسمبر میں بنگلا دیش پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے جس کے بعد ان کے ریٹائرمنٹ کے امکانات بڑھ گئے تھے لیکن وہ مسلسل ٹیم کی قیادت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز بی سی بی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مشرفی نے بورڈ کے صدر سے ملاقات کی اور ان سے مستقبل کے بارے فیصلہ کرنے کیلئے 2 ماہ کا وقت مانگا ۔ بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہا کہ مشرفی کی ملکی کرکٹ کیلئے گراں قدر خدمات ہیں ہم ان کا احترام کرتے ہیں اسلئے ہم انہیں پورا وقت دیں گے تاکہ وہ مطمئن ہو کر فیصلہ کر سکیں۔