ایل او سی پر اشتعال انگیزی، پاکستان کا بھارت سے سفارتی سطح پر احتجاج

348

ڈی جی ساوٴتھ ایشا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے لیپا اور بٹل سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔

دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈی جی ساوٴتھ ایشا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرکے بھارتی فوج کی جانب ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی اور بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا۔

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو پاکستان کی جانب سے ایک مراسلہ بھی دیا گیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں، آج بھی  بھارتی افواج نے ایل او سی کے بٹل سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی، بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کے 1 جوان نے جام شہادت نوش کیا۔ اس طرح گزشتہ دو روز کے دوران شہید جوانوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔