ڈیرہ اسماعیل خان (اے پی پی) پہاڑ پور پولیس نے علاقہ بیلی والا میں جعلی مشروب فیکٹری پر چھاپا مار کر وہاں سے بین الاقوامی برانڈ کے مشروبات کے کریٹ برآمد کرلیے، فیکٹری کا مالک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب، ملازم کو گرفتار کرلیا۔ پہاڑ پور پولیس کو خفیہ اطلاع ملی، علاقہ بیلی والا میں محمد اقبال نامی شخص نے بین الاقوامی برانڈ کے مشروبات پیپسی، کوکا کولا، سیون اپ، مرنڈا اور ڈیو کی جعلی مشروبات تیار کرنے کی فیکٹری لگا رکھی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ پہاڑ پور نے مخبر کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ مذکورہ جعلی مشروب فیکٹری پر چھاپا مارا اور دوران چھاپا ڈاٹسن میں لوڈ جعلی مشروبات کے بھاری مقدار میں کریٹ برآمد کرلیے۔ فیکٹری کا مالک موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ ملازم کو موقع سے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے دو افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ صدر پولیس کا جوئے کی محفل پر چھاپا، تاش کے ذریعے جواء کھیلنے کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے نقدی اور تاش کے پتے برآمد کرکے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ صدر پولیس نے ثنا گارڈن کے قریب اراضی میں تاش کے ذریعے جواء کھیلنے کی اطلاع پر چھاپا مار کر چار افراد کو موقع سے رنگے ہاتھوں قابو کرکے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے جوئے میں لگائی گئی رقم انیس سو روپے جبکہ ملزمان کی تلاشی کے دوران ان کے قبضے سے گیارہ ہزار ایک سو دس روپے کے علاوہ تاش کے پتے برآمد کرلیے۔ پولیس نے چاروں ملزمان کیخلاف قمار بازی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹریفک کے المناک حادثات کے دوران ایک موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق، پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ چشمہ روڈ پر واقع ہدایت پل کے قریب دو موٹر سائیکل تیز رفتاری کے باعث ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل پر سوار گاؤں میرن جائی کا 17 سالہ احسان اللہ ولد محمد رمضان آئل ٹینکر کے نیچے آکر کچلا گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کا ساتھی حمیداللہ ولد غلام عباس اور دوسرے موٹر سائیکل پر سوار الطاف ولد فتح شیر سکنہ متھرا آباد زخمی ہوگئے۔ دوسرے واقعہ میں ٹانک روڈ پر پوٹہ کے قریب تیز رفتار کار بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے جاگری، جس کے باعث تین افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔