جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد میں بینظیر ہائوسنگ اسکیم اقربا پروری اور کرپشن کی نظر، ڈھائی کروڑ روپے کا خورد برد، ایجنٹوں کے ذریعے رشوت لے کر غیر معیاری گھر بنائے گئے، 186میں سے صرف 100 گھر ٹھیکیدار بنا کر فرار۔ جیکب آباد میں بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب ہائوسنگ اسکیم کرپشن اور اقربا پروری کی نظر ہوگئی ہے۔ مستحق اور غریب خاندان کو گھر بناکر دینے کے بجائے ایجنٹوں کے ذریعے بھاری رشوت لے کر بینظیر ہائوسنگ اسکیم کے افسران نے گھروں کی منظوری دی گھروں کی تعمیر میں انتہائی ناقص میٹریل استعما ل کیاگیا سریہ ،سیمنٹ اور اینٹیں بھی غیر معیاری استعمال کی گئیں جس کے باعث گھر کمزور بنے اوراس طرح بینظیرہائوسنگ اسکیم جیکب آباد میں ڈھائی کروڑ سے زائد کی خوربرد کی گئی ہے۔ نومبر 2016ء میں کیے گئے معاہدے کے تحت دسمبر 2018ء تک برائٹ اسٹار ڈیولپمنٹ سوسائٹی کو 186 گھروں کی تعمیر کا ٹھیکہ دیا گیا جو گھر دو کمروں، واش روم اور صحن پر مشتمل ہے فی گھر کے حساب سے 2 لاکھ 85 ہزار حکومت سندھ کی جانب سے ریٹ مقرر کیا گیا۔ مزدوراہل خانہ کی جانب سے ہوں گے لیکن تاحال صرف 100 گھر تعمیر ہوسکے ہیں اور کام تعطل کا شکار ہے۔ اس سلسلے میں برائٹ اسٹار ڈیولپمنٹ کے سی ای او نصیر احمد چنا نے بتایا کہ اب تک 120 گھر بنا چکے ہیں باقی گھروں کی تعمیر کے لیے اکتوبر 2019ء کا وقت دیا گیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ جن کی ادائیگی ہوئی وہ گھر بنا دیے ہیں، بقایا فنڈز ملیں گے تو دیگر گھر بھی تعمیر کیے جائیںگے۔