بختاور اور آصفہ کو نیب نے آصف زرداری سے ملاقات کرنے سے روک دیا

139

اسلام آباد( آن لائن ) بختاور زرداری اور آصفہ زرداری کو نیب حکام نے مبینہ طور پر سابق صدر آصف علی زرداری سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کرنے سے روک دیا۔بختاور زرداری اور آصفہ ذرداری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود قومی احتساب بیورو (نیب) حکام نے انہیں اپنے والد سے ملنے نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاقات کرانے سے انکار کر کے نیب نے دراصل توہین عدالت کی ہے۔بختاور نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ حراست میں ہونے والی اموات اور عوام کا ٹیکس استعمال کرنے پر نیب کا احتساب کون کرے گا ؟انہوں نے کہا کہ بھاگے ہوئے آمر کی بنائی ہوئی نیب کو موجودہ آمر نما شخص اپنے حریفوں کو قید کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔ بختاور بھٹو ذرداری نے الزام لگایا کہ نیب مسلسل ملکی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن اور سندھ اسمبلی کی رکن فریال تالپور مبینہ بدعنوانی کے مختلف مقدمات میں قومی احتساب بیورو کی تحویل میں ہیں۔