سکھر (نمائندہ جسارت) میونسپل ایڈمنسٹریشن سکھر نے ایام عیدالاضحی کے دوران ذبح کیے جانیوالے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے کاآپریشن مکمل کرلیا، ایام عید کے دوران ذبیحہ جانوروں کی آلائش کواٹھانے اور شہر کی صفائی ستھرائی کے نظام کو برقرار رکھا جانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ گلی کوچوں سے آلائشیں اٹھاکر ٹھکانے لگانے کے لیے صفائی کا عملہ تعینات کیا گیا، مزید برآں عیدالاضحی کے آخری روز بدھ کو بھی لوگوں کی جانب سے سکھر میں قربانی کے جانوروں کی ذبیحہ کا سلسلہ جاری رہا۔ شہر کے درجنوں مقامات پر لوگوں کی جانب سے سنت ابراہیمی کی پیروی میں اللہ تبارک وتعالیٰ کی خوشنودی کے حصول کے لیے جانوروں کی قربانیاں کی گئیں اور قربانی کے گوشت غرباء و مساکین اور مستحقین کے علاوہ عزیز و اقربا میں تقسیم کیا گیا۔ عیدالاضحی کے تینوں ایام سیکورٹی کے موثر انتظامات دیکھنے میں آئے۔ اہم سرکاری، غیر سرکاری عمارات، مساجد، امام بارگاہوں، ریلوے اسٹیشن، بس اسٹینڈ، اہم چوراہوں سمیت پبلک مقامات پر رینجرز اور پولیس اہلکار تعینات رہے، جبکہ پولیس کا گشت بھی جاری رہا۔