لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) تعلیمی بورڈ لاڑکانہ نے لاڑکانہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان کردیا، کئی سال بعد پہلی دوسری اور تیسری تینوں پوزیشنز لڑکوں نے اپنے نام کیں وہیں پہلی بار بڑی تعداد میں 10 ہزار سے زائد طلبہ و طالبات فیل بھی قرار دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کی جانب سے میٹرک کے امتحانات کے جاری کردہ سالانہ نتائج کے مطابق سائنس گروپ میں پہلی پوزیشن 761 مارکس کے ساتھ گورنمنٹ میونسپل اسکول لاڑکانہ کے محسن رضا جبکہ سٹی اسکول کی اجوا عدنان قریشی نے اے ون گریڈ کے ساتھ حاصل کی، دوسری پوزیشن پر 760 مارکس کے ساتھ شاہ لطیف اسکول جیکب آباد کے انوپ کمار جبکہ 759 مارکس کے ساتھ زیبسٹ اسکول کی عریبہ فاطمہ قرار پائے اور تیسری پوزیشن 759 مارکس کے ساتھ کیڈٹ کالج کے سمیر علی جبکہ 758 مارکس کے ساتھ معصومہ منگریو نے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے، میٹرک امتحانات میں کئی سال بعد لڑکوں نے لڑکیوں کو مات دے کر تینوں پوزیشنز اپنے نام کیں جبکہ 2019 ء میں فیل ہونے والوں کا تناسب گزشتہ کئی سالوں میں سب سے زیادہ رہا۔ تعلیمی بورڈ اعلامیہ کے مطابق 43 ہزار 174 طلبہ و طالبات نے امتحان دیا 33 ہزار 484 طلبہ و طالبات کو پاس قرار دیا گیا جبکہ 10 ہزار 193 امیدوار فیل قرار دیے گئے اور 867 امیدواروں کو کاپی کیس جبکہ 59 کے کاغذات مکمل نہ ہونے پر نتائج روک دیے گئے۔