ٹینس اسٹارسیرینا ولیمز مسلسل چوتھے سال امیر ترین خاتون کھلاڑی قرار

137

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امریکا کی نامور ٹینس اسٹار 37سالہ سیرینا ولیمز لگاتار چوتھے سال بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی خواتین کھلاڑیوں میں پہلے نمبر پر رہیں۔دوسرے نمبر پر رہنے والی جاپان کی ٹینس کھلاڑی نومی اوساکا ہیں۔ معروف امریکی جریدے فوربز نے کھیلوں کے شعبے میں ایک سال کے د وران سب سے زیادہ کمائی کرنے والی خواتین کھلاڑیوںکی فہرست جاری کردی۔ ان میں زیادہ تر ٹینس پلیئرز شامل ہیں۔ 23مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپیئن امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز یکم جولائی 2018سے یکم جون2019کے دوران صرف ایک سال میں 2 کروڑ92 لاکھ ڈالر کما کر پہلے نمبر پر رہیں۔ اس خطیر رقم میں سے صرف42لاکھ ڈالر انہیں ٹورنامنٹس جیت کر ملے۔جاپان کی اسٹار ٹینس کھلاڑی نومی اوساکا نے ایک سال میں 2کروڑ 43لاکھ ڈالر کما کر فہرست میں دوسرا نمبر حاصل کیا۔ وہ ایک سال میں2 کروڑ ڈالر سے زیادہ کمائی کرنے والی چوتھی کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے یہ اعزاز سیرینا ولیمز اور روس کی ماریا شاراا پووا حاصل کر چکی ہیں۔ سابق ومبلڈن چیمپیئن انجلیک کربر فہرست میں تیسرے نمبر پر رہیں۔ انہوں نے ایک سال میں ایک کروڑ 18لاکھ ڈالر کمائی کی۔فوربز نے یہ فہرست مقابلے جیت کر ملنے والی رقم، تنخواہوں، بونس، اشتہارات سے ہونے والی کمائی کی بنیاد پر مرتب کی ہے۔ربز کی تیار کر دہ فہرست کی ابتدائی 15ایتھلیٹس میں 12ٹینس کی کھلاڑی ہیں۔ بھارت کی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو55لاکھ ڈالر کے ساتھ 13ویں اور تھائی لینڈ کی گالفر ایریا جیوتینوگارن 53لاکھ ڈالر کی آمدنی کے ساتھ 15ویں نمبر پر ہیں۔