ایبٹ آباد(جسارت نیوز) خیبر پختونخوا، پاکستان آرمی، نیشنل بینک اور پنجاب کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی جونیئر بیڈ منٹن چیمپئن شپ کی مختلف کیٹگریز کے فائنل مرحلہ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ انڈر 14 بوائز میں آرمی اور پنجاب، انڈر 16 بوائز میں خیبر پختونخوا اور پنجاب، انڈر 18 بوائز میں نیشنل بنک اور خیبر پختونخوا، انڈر 18 گرلز میں پاکستان آرمی اور پنجاب، انڈر 18 بوائز ڈبلز میں خیبر پختونخوا اور گرلز، ڈبلز میں آرمی اور پنجاب کی کھلاڑیوں نے سیمی فائنلز مرحلہ میں کامیابی اپنے نام کر لی۔ ضلعی حکومت ریجنل اسپورٹس آفس ایبٹ آباد اور خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے سٹی اسپورٹس کمپلیکس ایبٹ آباد میں قاضی نسیم میموریل بیڈ منٹن ہال میں منعقدہ ان قومی جونیئر رینکنگ بیڈمنٹن مقابلوں کے انڈر 14 بوائز سنگلز سیمی فائنل میچوں میں پاکستان آرمی کے احمر جنجوعہ نے پنجاب کے ملک غاصف رضا کو 16-21, 21-7, 21-19 کے اسکور سے اور پنجاب کے ابراہیم نے خیبر پختونخوا کے سیف اﷲ کو سخت مقابلہ کے بعد 21-14, 21-1, 21-14 سے شکست دی جبکہ انڈر 16 بوائز سنگلز سیمی فائنل میں ایک اعصاب شکن مقابلہ کے بعد پنجاب کے راجہ حسن نے خیبر پختونخوا کے میکائل کو 17-21, 21-16, 22-20 کے اسکور سے اور خیبر پختونخوا کے عمر جہانگیر نے پنجاب کے حبیب احمد کو 19-21, 21-13, 21-07 سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ انڈر 18 بوائز سیمی فائنل مرحلہ میں نیشنل بینک کے راجہ ذو القرنین نے خیبر پختونخوا کے عزیر خان کو 21-19, 21-09 کے اسکور سے اور خیبر پختونخوا کے کے قاری عدنان نے اپنے ہی صوبہ کے تیمور کو 21-16, 21-17 سے مات دی۔ انڈر 18- بوائز ڈبلز کے پہلے سیمی فائنل میں خیبر پختونخوا کے شایان اﷲ اور تیمور نے اپ سیٹ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیورٹ نیشنل بینک کے راجہ ذوالقرنین اور پنجاب کے علی رضا کو اعصاب شکن مقابلہ کے بعد 17-21, 21-19, 21-17 کے اسکور سے اور خیبر پختونخوا کے قاری عدنان اور زبیر نے اپنے ہی صوبہ کے دانیال اور عزیر خان کو 21-16, 21-11 کے اسکور سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ فائنل میں خیبر پختونخوا کے کھلاڑی آپس میں نبرد آزما ہوں گے۔ انڈر 18 گرلز انفرادی سیمی فائنلز مقابلوں میں میدان آرمی اور پنجاب کے ہاتھ رہا۔ پاکستان آرمی کی الجاء طارق نے خیبر پختونخوا کی حنا قریشی کو 21-13, 21-9 سے اور پنجاب کی امل منیب نے آرمی کی سمعیہ طارق کو 21-16, 21-15 کے اسکور سے شکست دی۔ گرلز انڈر 18- ڈبلز مقابلوں میں پاکستان آرمی کی دو بہنوں کی جوڑی ا لجاء طارق اور سمعیہ طارق نے خیبر پختونخوا کی صدف گل اور حنا قریشی کوشکست دی۔