اوکاڑہ(اے پی پی)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہانزیب نذیرنے کہا ہے کہ جعلی اور کاغذی گشت کرنے والے پولیس والوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی ہو گی ،24/7پولیس کا گشت ہوتا رہے تو بہت سے جرا ئم وقوع پذیر ہی نہیں ہوتے،پولیس کا گشت عوام کو نظر آنا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈی پی او نے کہا کہ عید الضحیٰ سے قبل بازاروں میں خریداری کی وجہ سے خواتین کا رش بڑھ جاتا ہے ،جس کی وجہ سے چھینا چھپٹی اور چوری چکاری کی وارداتوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، جس کے پیش نظر اوکاڑہ پولیس کی گاڑیاں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بازاروں کے اردگرد مسلسل گشت کرتی رہیں گی۔پولیس کا گشت سڑکوں کو محفوظ بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں پولیس والوں کے پیدل گشت کاپلان بھی کیا گیا ہے، لیڈیز پولیس بھی بازاروں میں گشت کرے گی تاکہ خریداری کے لیے آنے والی خواتین کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ ڈی پی او نے کہا کہ پولیس پٹرولنگ کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی جو پولیس والا جس مقام پر اپنی پوزیشن بتائے گا اسے وہاں موجود ہونا ہو گا اگر کاؤنٹر چیک میں بتائی کی جگہ پر پولیس آفیسر یا اہلکار موجود نہ ہوا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ ڈی پی او نے پولیس کو ہدائت کی کہ ہر ایس ڈی پی او اپنے تھانوں کے پولیس گشت کا ذمہ دار اور جوابدہ ہو گا ۔