صادق آباد(آئی این پی)ڈی پی او رحیم یارخان عمر سلامت نے کہا ہے کہ کچے کے ڈاکوئوں کو دفن کر کے دم لیں گے ،اغوا کاراپنے لیے خود مصیبت پیدا کر رہے ہیں،کچے کے ڈاکو کا قلع قمع ہر صورت کریں گے، گزشتہ 10 دنوں سے پولیس چوبیس گھنٹے کچے کے ڈاکوئوں کے گھیرائو میں جاگ کر وقت گزار رہی ہے جو عوام کیساتھ ظلم ور زیادتی کرے گااسے کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا،ڈاکو از خود ہتھیار پھینک دیں تو ان کیخلاف قانون کے مطابق برتائو کیاجائے گا ورنہ انہیں منطقی انجام تک پہنچانے کیلیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ، ڈاکوئو ں کیساتھ مقابلہ کرنے کیلیے گولیاں ‘بارود‘ جدید اسلحہ اور ہیوی گنز کچے میں قائم پولیس پوسٹوں پر پہنچا دی گئی ہیں تاکہ ڈاکوئوں کا بھرپور مقابلہ کرکے علاقہ کلیئر کروایا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار پیر کو ڈی پی او رحیم یارخان عمر سلامت نے اے ایس پی صادق آباد ڈاکٹر حفیظ الرحمن بگٹی اور ایس ایچ او تھانہ بھونگ جام اعجاز احمد کے ہمراہ گزشتہ روز کچے کے دریائی علاقوں اور پولیس پوسٹوں کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے مزید کہاکہ پولیس کے جوان 24 گھنٹے ڈاکوئوں کے تاک میں بیٹھے ہیں کہ انہیں کس طرح کیفر کردار تک پہنچایاجائے، عوام کا سکون برباد کرنیوالوں کو کسی صورت معاف نہیں کیاجائے گا‘انشاء اﷲ بہت جلد برائی کا خاتمہ ہو کر رہے گا، حق کی جیت ہو گی عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیے شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی ،کچے کے جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلیے کچے کے اگلے مرچوں کا دورہ کر کے پولیس اہلکاروں کو حکمت عملی بارے آگاہ کیا ہے ‘ انہوںنے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈاکوئوں کی حرکات و سکنات پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیںعوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے پولیس کچے میں موجود ہیں معاشرے میں ہر صورت امن و امان قائم کیاجائے گا۔اے ایس پی سرکل پولیس ڈاکٹر حفیظ الرحمن بگٹی نے اس بات کا عزم کیا کہ ڈاکوئوں کیخلاف آپریشن کیلیے بھرپور صلاحیت اور وسائل بروئے کا رلائے جارہے ہیں ریاست اور ریاستی ادارے ڈاکوئوں کو ختم کرنے کیلیے ڈٹے ہوئے ہیں انشاء اﷲ بہت جلد مغویوں کو زیاب کروا کر ڈاکوئوں کا قرار واقعی سزا دی جائے گی ۔