کوئٹہ پریس کلب کا جاپان کراٹے چیمپئن شپ میں شرکت کرنیوالی ٹیموں کے اعزاز میں استقبالیہ

962
کوئٹہ پریس کلب کی جانب سے دیے گئے عشائیہ کے موقع پرجاپان کراٹے چیمپئن شپ میں انعامات یافتگان کا مہمان خصوصی کے ساتھ گروپ فوٹو
کوئٹہ پریس کلب کی جانب سے دیے گئے عشائیہ کے موقع پرجاپان کراٹے چیمپئن شپ میں انعامات یافتگان کا مہمان خصوصی کے ساتھ گروپ فوٹو

 

کو ئٹہ (وائس آف ایشیا)کوئٹہ پریس کلب کی جانب سے بین الصوبائی رابطہ کو فروغ دینے کے سلسلے میں جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے زیر اہتمام کھیلی جانے والی 2 روزہ پنجاب بمقابلہ بلوچستان ،جاپان کراٹے چمپئن شپ میں شرکت کرنے والی دونوں صوبائی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں کوئٹہ پریس کلب میں استقبالیہ دیاگیا۔کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدر سلیم شاہد اور سابق سیکرٹری جنرل وصدر شہزادہ ذوالفقار نے بنارس خان کے ہمراہ جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے نائب صدر سنسی حسین علی چنگیزی، جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے سیکرٹری جنرل عبداللہ چنگیزی ، جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر غضنفر علی،سیکرٹری جنرل فیاض فیروزسمیت ٹیکنیکل آفیشلز،سنسی نصراللہ ہزارہ ،عرفان علی،عدیل ،سویل فیاض ،مجاہد بٹ اور محمد آصف سمیت دیگر آفیشلز اور کھلاڑیوںکو خوش آمدید کہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کوئٹہ پریس کلب کے سابق سیکرٹری جنرل وصدرشہزادہ ذوالفقار نے کہا کہ کھیل امن ،محبت اور دوستی کی علامت ہوتے ہیں، صوبوں کے درمیان کھیلوں کے مقابلوں سے بین الصوبائی رابطہ کو فروغ ملتا ہے جس سے لوگوں میں پیار ، محبت اور دوستی کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔انہوں نے زندگی میں کھیل کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہاکہ صحت مند رہنے کیلئے زندگی میں کھیل کی بہت زیادہ اہمیت ہے ،کھیل سے انسان ذہنی اور جسمانی دونوں طرح سے فٹ رہتا ہے، کھیل کود سے انسانی دماغ کی نشونما ہوتی ہے اور انسان چاق و چوبند رہتا ہے لیکن بدقسمتی سے آجکل کے نوجوان کی توجہ کھیلوںسے ہٹ گئی ہے اور کھیل کے میدان ویران ہوگئے ہیں جس کی ایک بڑی وجہ اسمارٹ فونز اور ویڈیو گیمز ہیں اگر ہم اپنے ارد گرد جہاں نظر دوڑ ا ئیں نوجوانوں کی انگلیاں اسمارٹ فون پر چلتی نظر آتی ہیں اسمارٹ فونز پر ان گیمز کا حصول بہت آسان ہوگیا ہے یہ طرز زندگی ہمارے میدانوں کو غیر آباد کررہا ہے جس کے مضر اثرات صحت پر مرتب ہورہے ہیں اور کم عمری میں شوگر ،دل کے امراض جنم لے رہے ہیں، ایک جگہ بیٹھے رہنے سے نوجوان نسل میں موٹا پا پھیل رہا ہے لہٰذا میں سمجھتا ہوں کہ نوجوانوں کو کھیلوںکی بہتر سہولیات فراہم کی جا ئیں تا کہ وہ ویڈیو گیمز کی لت سے بچ کر صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں۔جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پاکستان کے نائب صدر سنسی حسین علی چنگیزی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں سپورٹس کلچر کو پروان چڑھاکر نوجوان نسل کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور انہیں فرسٹریشن سے بچا کر زہنی و جسمانی طور پر مضبوط بناکر معاشرے کا مفید شہری بنانا حکمرانوں اور ہماری زندگی کا مشن ہونا چاہئے ،میں سمجھتا ہوں کہ جب ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہو جائیں گے اور کھیلوں کے فروغ سے دہشت گردی کی سلگتی آگ بھی بھجائی جا سکتی ہے۔ جاپان کراٹے ایسوسی ایشن بلوچستان کے سیکرٹری جنرل عبداللہ چنگیزی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے سکول کی سطح پر کھیل کو ایک لازمی مضمون قرار دیا جائے۔جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پنجاب کے سیکرٹری جنرل فیاض فیروز نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافی معاشرے میں آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتے ہیں جو عوامی مسائل حکومتی ایوانوں تک پہنچاتے ہیں ،صحافی کا قلم بندوق سے زیادہ طاقتور ہے جو امن ،حق وسچ اور غیر جانبداری کی بات کرتا ہے،جمہوریت کو پروان چڑھانے کیلئے قلم قبیلے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے جس کے بغیر مظلوم اور محکوم لوگوں کی آواز اقتدار کے ایو انوں تک نہیں پہنچ سکتی ،صحافی حق و سچ کے علمبر دار ہوتے ہیں ،ہم ا سپورٹس، سیاست اور صحافت کو لازم وملزوم سمجھتے ہیں ۔جاپان کراٹے ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر غضنفر علی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں کراٹے سمیت تمام کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے لیکن عالمی معیار کی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ٹیلنٹ زنگ آ لود ہو رہا ہے،پاکستان میں اسپورٹس کلچر کو پروان چڑھانے اورنوجوان نسل کو کھیلوں کی جانب راغب کرنے کیلئے ضروری ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو مختلف محکموں میں کنفرم ملازمتیں دی جائیںکیونکہ اسپورٹس مین کامعاشی تحفظ اورانہیں جدید سہولیات فراہم کرکے ہی پاکستان میں کھیلوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔