قومی ہاکی چیمپئن شپ،سوئی سدرن اورنیشنل بینک فائنل میں

271

کراچی ( سید وزیر علی قادری) 65ویں ایئرمارشل نورخان قومی ہاکی چیمپین شپ میںکھیلے گئے سیمی فائنلز میں نیشنل بینک اور سوئی سدرن گیس فائنل میں پہنچ گئیں، واپڈا کلر اور وائٹس کو شکست، سیمی فا ئنلز کے مہمانان خصوصی 1984 اولمپکس کے فاتح کپتان منظور جونیئراور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئر(ر)خالد سجاد کھوکھر ستارہ امتیاز ملٹری تھے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں کھیلی جانے والی 65ویں ایئرمارشل نورخان قومی ہاکی چیمپین شپ میں کھیلے گیا پہلا سیمی فائنل نیشنل بینک اور واپڈا وائٹ کے مابین کھیلا گیاجوکہ نیشنل بینک نے 1-3 گول سے جیت لیا۔ کھیل کا آغاز جارحانہ ہوا،میچ کا پہلا کوارٹر برابرا رہا، جبکہ میچ کے دوسرے کوارٹر میں نیشنل بینک کے فارورڈ عتیق نے فیلڈ گول کے ذریعے اپنی ٹیم کو برتری دلادی،تیسرے کوارٹر میں نیشنل بینک کے بلال قادر نے فیلڈ گول کے ذریعے اسکور کرکے اس برتری کو مستحکم کردیا جبکہ چوتھے کوارٹر میں بلال قادرایک مرتبہ پھر فیلڈ گول کرنے میں کامیاب ہوئے اور نیشنل بینک کو 3 گول کی برتری دلا دی جبکہ واپڈا وائٹس کی جانب سے واحد گول فارورڈ شجیع احمد نے کیا۔ واپڈا وائٹ کے کوچ وقاص شریف اور مینجر شبیر تھے جبکہ نیشنل بینک کے کوچ ذیشان اشرف اورمینجر سرفراز اے خان تھے۔اس میچ کو انٹرنیشنل ہاکی امپائر یاسر خورشید اور ہارون راشد نے سپروائز کیا جبکہ حافظ عاطف بطور ریزرو امپائر تھے، اس میچ کے ججز اوصاف ربانی، عبدالغفور، ایم ندیم اور مزمل تھے جبکہ خالد منیر اوراخترعلی نے بطور ٹیکنیکل آفیسر فرائض نبھائے. اسلم خان نیازی نے بطور اسسٹنٹ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض سرانجام دیے جبکہ اولمپین حنیف خان 65ویں ایئرمارشل نورخان قومی ہاکی چیمپین شپ میں ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔دوسرا سیمی فا ئنل واپڈا کلراور سوئی سدرن گیس کے مابین کھیلا گیا۔کھیل کے آغاز میں ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے، میچ کے پہلے کوارٹر میں علیم بلال نے گول کرکے واپڈا وائٹس کو برتری دلا دی جبکہ سوئی سدرن گیس کے مبشرنے پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل گول کرکے اس برتری کا خاتمہ کردیا تیسرے کوارٹر میں مبشر علی نے دوسرا گول کرکے سوئی سدرن ٹیم کو برتری دلا دی جوکہ میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ واپڈا کلر کے کوچ ریحان بٹ اور منیجر مرزا وحید تھے جبکہ سوئی سدرن گیس کے کوچ رانا ظہیر اور منیجراشتیاق مبین تھے۔ میچ کو انٹرنیشنل ہاکی امپائر سہیل اکرم جنجوعہ اورانٹرنیشنل ہاکی امپائرکامران نے سپروائز کیا ۔جبکہ حمزہ بطور ریزرو امپائر تھے، میچ کے ججز عظیم خان، رفیق خان، معید خان، چوہدری منور حسین اور طارق شیخ تھے جبکہ عظمت پاشا، زاہد محمود اور جاوید اقطال نے بطور ٹیکنیکل آفیسر فرائض نبھائے۔سیمی فائینل کے مہمانان خصوصی 1984 اولمپکس کے فاتح کپتان منظور جونیئراور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر برگیڈیئرخالد سجاد کھوکھر ستارہ امتیاز ملٹری تھے، مہمان گرامی کا میچ کے آغاز سے قبل کھلاڑیوں اور آفیشلز سے تعارف کرایا گیا اس موقع پر انکے ہمراہ سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف پرائیڈ آف پرفارمنس اولمپین آصف باجوہ ، اولمپین خواجہ جنید، سابق سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف رانا مجاہد، اولمپین حنف خان، اولمپین شاہد علی خان، اولمپین افتخار سید بھی موجود تھے۔ سیمی فائنل کی رنگا رنگ تقریب میں بینڈ نے میچ کے آغاز سے قبل مارچ پاسٹ کیا ، اسٹیڈیم میں سابق انٹرنیشنل کھلاڑی اور اولمپین بہت بڑی تعداد میں موجود تھے۔ تاہم شائقین کو اسٹیڈیم کی طرف آج بھی پی ایچ ایف اور کے ایچ اے لانے میں ناکام رہی۔فائنل آج عبد الستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں نیشنل بینک اور سوئی سدرن گیس کے درمیان کھیلا جائے گا۔