سکھر/ کوٹری(صباح نیوز/آن لائن)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہونا خوش آئند ہے، آج سے اپوزیشن کی تنزلی شروع ہوگئی ہے۔ن لیگ اور پی پی کا برا وقت شروع ہوگیا ہے۔ کوٹری ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کے 10 روز قبل کہا تھا کہ تحریک ناکام ہو گی،یہ وہ پارٹیاں ہیں جو باپ اور اپنا مال بچا ئوتحریک چلا رہی ہے، یہ عمران خان کا استعفا لینے نکلے تھے،انہیں سنجرانی کا عدم اعتماد نہیں ملا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن عقل کے ناخن لے،ملک نازک دور سے گزر رہا ہے ،ملکی سیاست کا سار اثر معیشت پر پڑ رہا ہے، اگر یہ باز نا آئے تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی ،آصف زرداری اور نواز شریف کی سیاست کا وقت ختم ہو رہا ہے۔ اس وقت جو مسائل پیدا کریگا وہ جمہوریت کو کمزور کریگا۔آج ساری قوم عمران خان کے ساتھ ہے۔مولانا فضل رحمن کو کہتا ہوں مدرسہ مدرسہ مت کھیلنا، مولانا صاحب ڈیرہ اسماعیل خان میں فوجی زمینوں اور سیاست سے بھی ہاتھ دھو بیٹھیں گے اور دینی طلبہ اور مدارس کو بھی نقصان پہنچائیں گے ۔شیخ رشید نے کہا انکے ہوتے ہوئے ناموسِ رسالتﷺ پر کوئی آنچ نہیں آسکتی۔